ممبئی، 26دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یوپی انتخابات سے پہلے این ڈی اے میں اتحادی شیوسینا نے بی جے پی پر کرارا حملہ بولا ہے۔شیوسینا نے بی جے پی کو نصیحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوپی انتخابات کو لے کربی جے پی مدہوش ہاتھی نہ بنے۔پارٹی کے ترجمان اخبار ”سامنا“ میں شیوسینا نے کہا ہے کہ یوپی میں تاریخ گواہ ہے کہ جب جب حکمراں مستی میں آئے ہیں تو انہیں عوام نے تخت سے اتار پھینکا ہے۔یہی وجہ ہے کہ کانگریس تین دہائیوں سے اقتدار سے کوسوں دور ہے۔شیوسینا نے بی جے پی پر حملے کے لئے ایس پی اور بی ایس پی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کا ہاتھی بھی جب جب مستی میں آیا، عوام نے انہیں بھی باہر کا راستہ دکھا دیا۔اداریے میں کہا گیا ہے کہ جہاں تک بی جے پی کا سوال ہے تو وہ فی الحال ریاست میں اقتدار میں نہیں ہے پھر بھی مدمست ہوئے جا رہی ہے۔یہ جانتے ہوئے بھی کہ یوپی کی عوام مدمست ہاتھی کو معاف نہیں کرتی۔
مرکز اور مہاراشٹر میں بی جے پی حکومت کی اتحادی شیو سینا نوٹ بندی کے معاملے پر بھی مسلسل حکومت کی مخالفت میں کھڑی نظر آرہی ہے۔شیوسینا نے نوٹ بندی کی وجہ سے لوگوں کو ہو رہی پریشانیوں کا حوالہ دے کر مسلسل فیصلے کی مخالفت کی ہے۔شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے حال ہی میں وزیر اعظم مودی کو نشانے پر رکھتے ہوئے پوچھا تھا کہ اگر 1971میں نوٹ بندی کا مشورہ نہ ماننے کی وجہ سے معیشت میں گراوٹ آئی تھی، تو اس کے بعد مرارجی دیسائی کی حکومت کی طرف سے 1978میں اسے لاگو کرنے کے بعد ہی کون سی معیشت بہتر ہو گئی تھی۔